Monday, 17 September 2018

مارکیٹ ریسرچ

مارکیٹ ریسرچ


والد صاحب ریٹائر ہوئے تو انہوں نے بڑی چاہ سے ایک سپرمارکیٹ کھول لی. انہوں نے اپنی اس دکان کو خوب سجایا. اس میں دواؤں سے لے کر کھلونوں تک اور بیوٹی پروڈکٹس سے لے کر آئسکریم تک سب ہی موجود تھا. کچھ ماہ کے بعد جب پہلی عید آئی تو ہم نے ارادہ کیا کہ دکان پر عیدکارڈز بھی رکھے جائیں. چانچہ میں اپنے والد کے ہمراہ ھول سیل مارکیٹ گیا اور خوب وقت لگا کر بہترین اور جاذب نظر عید کارڈز خرید لایا. ہم دونوں باپ بیٹے کو یہ کامل یقین تھا کہ ہم سے خوبصورت عید کارڈز اس علاقے میں موجود نہیں ہیں. لہٰذا ہم پرامید تھے کہ خوب فروخت ہوگی. مگر یہ دیکھ کر ہماری توقع پر اوس پڑگئی کہ دس روز گزرنے کے بعد صرف دو چار کارڈز ہی فروخت ہوسکے. اس کے برعکس ہماری مقابل دکانوں میں عید کارڈز خوب فروخت ہوئے. میں خفگی و حیرت کی حالت میں دیگر دکانوں کا جائزہ لینے نکلا تو یہ دیکھ کر مزید صدمہ ہوا کہ ان کے پاس جو کارڈز موجود تھے وہ ہماری سوچ کے مطابق کسی طرح بھی معیاری نہ تھے. کسی پر بڑا سا دل بنا ہوا تھا جس میں سے تیر آر پار تھا اور خون ٹپک رہا تھا. کسی میں ایک حسینہ کی تصویر تھی اور اس کے سر پر ایک کبوتر چونچ میں پھول دبایا اڑ رہا تھا. کسی پر ایسے سطحی اشعار لکھے ہوئے تھے جو اکثر پیار میں دھوکہ کھائے ہوئے ٹرک والے لکھ لیا کرتے ہیں. لیکن اس سب کے باوجود یہی کارڈز اس علاقے کی عوام میں خوب مقبول تھے اور خریدے جارہے تھے. اس دن مجھے احساس ہوا کہ کاروبار میں کبھی بیٹھ کر اندازہ نہ لگاؤ . بلکہ ہمیشہ مارکیٹ ریسرچ کرو اور دیکھو کہ تمہارے متوقع گاہک کس قسم کی پسند رکھتے ہیں؟ بہت امکان ہے کہ مارکیٹ پر تحقیق آپ کے اندازوں کو مکمل مسمار کردے.
.
====عظیم نامہ====

No comments:

Post a Comment