قیمتی راز کی بات
آج آپ کو ایک قیمتی راز کی بات اس نیت سے بتاتا ہوں کہ شائد کسی قاری کو عمل کی توفیق حاصل ہو. ایک ایسا عمل جس کے انمول ہونے کی پورے شرح صدر سے گواہی دیتا ہوں.
.
آپ کے وہ عزیز و اقارب جو بڑھاپے کی آخری دہلیز کو چھو چکے ہیں یا کسی جان لیوا بیماری میں عرصے سے مبتلا ہیں ، ان احباب کی ایک فہرست مرتب کرلیں. اب ایک ایک کرکے ان سب کے پاس وقت گزارنے کا اہتمام کیجیئے. کم از کم ایک پورا دن ان میں سے ہر ایک کے ساتھ گزاریئے. اس ملاقات میں آپ نے بولنا بہت کم ہے اور سننا بہت زیادہ ہے. انہیں موقع دیجیئے کہ وہ آپ کو اپنی زندگی کے تلخ و شیریں تجربات سنائیں. آپ بس پوری توجہ سے ان کی بات سمجھیئے اور بناء بحث میں پڑے محبت سے موزوں سوالات کیجیئے. ان سے دریافت کریں کہ بڑھاپے یا اس مہلک بیماری سے انہیں کیا کیا سبق حاصل ہوئے؟ اور آخر میں پورے خلوص سے ان سے درخوست کریں کہ کہ وہ آپ کو کوئی ایسی نصیحت کریں جو آپ کی کردار سازی یا دین کیلئے معاون ہو. واپسی پر جو کچھ سنا یا سیکھا اسے کاغذ اور ذہن دونوں کی تختیوں پر ہمیشہ کیلئے ثبت کرلیجیئے. اسی طرح وہ بے ضرر سے پاکیزہ نفوس جو آپ کے حلقہ احباب میں موجود ہیں اور جو نصیحتیں کرنے کی بجائے خاموشی سے دین پر عمل پیرا رہتے ہیں. ان کے پاس بھی اسی طرح وقت گزاریئے اور ان سے کم از کم ایک نصیحت خاص اپنے لئے حاصل کیجیئے. میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر دیانتداری سے آپ نے اس عمل کو اپنایا تو حکمت کا ایسا بیش بہا خزانہ حاصل ہوگا اور وہ قیمتی ترین نصیحتیں نصیب ہونگی جو شاید عمر بھر کی ریاضت بھی نہ دے پاتی.
.
====عظیم نامہ=====
No comments:
Post a Comment