Monday, 15 June 2015

فیس بک کی ایک عجیب پوسٹ


فیس بک کی ایک عجیب پوسٹ



فیس بک پر ظاہر ہے کہ طرح طرح کی پوسٹیں پڑھنے کا موقع ملتا ہے. جن میں بعض پوسٹیں بے سر پیر کی ہو
 ہیں مگر پھر بھی لوگوں کی توجہ کھینچ لیتی ہیں. ابھی کچھ دن قبل مجھے ایک ایسی ہی پوسٹ میں ٹیگ کیا گیا، جس میں ایک صاحب نے یہ عالی مرتبت سوال اٹھایا کہ اگر کسی وقت سعودی عرب اور پاکستان میں جنگ چھڑ جائے تو آپ کس کا ساتھ دیں گے؟؟ .. میں اس احمقانہ سوال کو نظر انداز کرکے اسے بند کرنے ہی لگا تھا کہ پوسٹ پر آتے بیشمار کمنٹس اور وہاں برپا گرما گرم ماحول نے میری توجہ مبذول کرلی. کمنٹس دینے والوں میں مذہبی رجحان کے افراد بھی تھے اور مغربی فلسفوں کے متاثرین بھی. علماء بھی تھے اور عام عوام بھی. تکلیف دہ بات یہ تھی کہ ان میں سے کچھ تو کہتے تھے کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اسلئے ہم ہر حال میں پاکستان کا ساتھ دیں گے. جبکہ کچھ اور افراد یہ لکھ رہے تھے کہ چونکہ سعودیہ مقدس مقامات کا حامل ہے لہذاٰ ہم ہر صورت سعودیہ کے ساتھ رہیں گے. مجھے وہاں ایک شخص بھی ایسا نہ نظر آیا جو یہ کہتا ہو کہ ہمیں صرف اس کا ساتھ دینا چاہیئے جو حق پر ہو. کسی نے یہ نہ لکھا کہ اسلام میں نہ وطن پرستی ساتھ دینے کا معیار ہے اور نہ ہی مذہبی و مسلکی وابستگی ! .. اسلام تو حق کا علمبردار بناتا ہے اور مظلوم کی پشت پناہی کا حکم دیتا ہے. ظالم اگر نام سے مسلم بھی ہوگا تب بھی اس کی گردن ماری جائے گی اور مظلوم اگر غیر مسلم بھی ہوگا تو اس کا ہر ممکن ساتھ دیا جائے گا. یہی قران کا پیغام ہے، یہی رسول (ص) کی تعلیم ہے اور یہی صحابہ کا عمل ہے
.
====عظیم نامہ====

No comments:

Post a Comment