Saturday, 29 October 2016

کلمہ طیبہ کے تین مراحل


 کلمہ طیبہ کے تین مراحل


غور کریں تو کلمہ طیبہ تین مراحل میں منقسم نظر آتا ہے. سب سے پہلے 'لا الہ' کہہ کر "کیا نہیں ماننا؟" اس کا اعلان کیا جاتا ہے. اس کے بعد 'الا اللہ' کہہ کر "کیا ماننا ہے؟" اس کا اقرار کیا جاتا ہے. اور سب سے آخر میں 'محمد الرسول اللہ' پکار کر یہ جانا جاتا ہے کہ "کیسے کرنا ہے؟" راقم کا احساس ہے کہ اگر اسی ترتیب و ترکیب کو ملحوظ رکھ کر دیگر علمی و عملی حقیقتوں پر بھی غور کرلیا جائے تو بہترین علمی نتائج تک پہنچنا ممکن ہے. گویا کسی بھی موجود حقیقت کا تجزیہ یا تحقیق کرتے ہوئے سب سے پہلے جائزہ لیں کہ "کیا نہیں ماننا یا کیا نہیں کرنا ہے؟" اس کے بعد دلائل و براہین سے جانیں کہ "کیا ماننا ہے یا کیا کرنا ہے؟" اور سب سے آخر میں اس کی کھوج کریں کہ "کیسے کرنا ہے؟"
.
====عظیم نامہ====

Monday, 10 October 2016

فلسفی کا خدا


فلسفی کا خدا 



خالص فلسفے اور منطق سے جو بھی خدا کا تصور تراشا جائے گا وہ کتنا ہی جاذب کیوں نہ محسوس ہو؟ اپنی اصل میں ناقص، نامکمل، غیر حقیقی اور باطل ہوگا. 
.
حقیقی خدا کون ہے؟ کیا چاہتا ہے؟ اس کا انسانی حد تک ممکن جواب صرف اسی صورت ممکن ہے جب انسان کو وحی الہی کا نور خارج میں اور فطرت سلیمہ کا نور باطن میں میسر ہو. گویا "نور علیٰ نور"
.
اگر خدا کا تصور انسانی ذہن کی تخلیق ہے تب فلسفی کا پیش کردہ خدا تسلیم کیا جاسکتا ہے. 
لیکن اگر انسانی ذہن خدا کی تخلیق ہے تب وحی کی جانب رجوع کے سوا اور کوئی راستہ نہیں. 
.
فلسفی کو بحث کے اندر خدا ملتا نہیں 
ڈور کو سلجھا رہا ہے اور سرا ملتا نہیں
.
====عظیم نامہ====

Friday, 7 October 2016

نماز و اذکار کا کیا فائدہ؟


نماز و اذکار کا کیا فائدہ؟



جب تم نیکیوں کے باوجود گناہ نہیں ترک کرتے تو گناہوں کے ارتکاب کو سوچ کر نیکیاں ترک کرنے کی حماقت کیوں کرتے ہو؟ 
ہرگز ملعون ابلیس اور شاطر نفس کے اس دھوکے میں نہ آؤ کہ اس گناہ بھری زندگی میں چند نیکیوں کا کیا فائدہ؟ نماز و اذکار کا کیا فائدہ؟
.
جان لو کہ عقلمند وہ ہے جو مسلسل سچی توبہ کی کوشش کرتا رہے. چاہے ہزار بار ناکام ہو مگر ہر بار نئے عزم سے اٹھے اور رب سے معافی مانگے. اگر گناہ نہیں ترک ہو پارہے تو ترک گناہ کی سعی کیساتھ نیکیوں کا 'ان ٹیک' بڑھا دے. کیا بھول گئے؟ کہ فرمانِ باری تعالی ہے " إِنَّ الْحَسَنَاتِ يُذْهِبْنَ السَّيِّئَاتِ - بے شک نیکیاں برائیوں کو ختم کردیتی ہیں" سورہ ہود/ 114 
یاد رکھیں کہ ہمارا رب سچی توبہ پر حقوق اللہ سے متعلق بڑے سے بڑے گناہ کو معاف فرما دیتے ہیں اور نیکیوں کو کا اجر کچھ صورتوں میں دگنا، کچھ میں دس گنا، کچھ میں سات سو گنا اور کچھ میں بے حساب عطا کرتے ہیں.
.
استغفرللہ .. استغفرللہ .. استغفرللہ العظیم 
.
====عظیم نامہ====

Tuesday, 4 October 2016

دو نکھٹو


دو نکھٹو 



کبھی کبھی تو یہ لگتا ہے کہ ان دونوں ملکوں یعنی پاکستان اور ہندوستان کو ایک دوسرے کا جھپی ڈال کر شکریہ ادا کرنا چاہیئے. قیام کے بعد قریب ستر سال گزارنے اور بے پناہ وسائل رکھنے کے باوجود، اگر ان دونوں ممالک نے کسی شعبے میں قابل ذکر ترقی کی ہے تو وہ واحد دفاع کا شعبہ ہے. ایک دوسرے کی ضد اور حرص میں میزائل، ٹینک، ہتھیار، آبدوزیں، جہاز اور ایٹم بم تک بنا ڈالے. اگر ان دونوں ممالک کے بیچ یہ مسلسل کشیدگی نہ ہوتی تو کیا معلوم؟ یہ کرپٹ حکمران (ہمارے زیادہ، ان کے ہم سے کم) باقی کا پیسہ بھی ہڑپ کر چکے ہوتے. یہ توقع بھی حماقت ہے کہ وہ اس مال کو ترقی و تعمیر کیلئے استعمال کرتے. ابھی تو مجبوری ہے کہ ملکی سلامتی کیلئے یہ پیسہ دفاع پر لگانا ہی پڑتا ہے. اگر یہ مجبوری حائل نہ ہوتی تو شائد اس دنیا میں دو صومالیہ اور ہوتے. 
.
====عظیم نامہ====