عورت کو ہر معاشرے میں عزت کیوں نہ مل سکی ؟
سارا معاملہ پہلی ترجیح کا ہے. مرد نے ابتدا سے عزت کے حصول کو اپنی اولین ترجیح بنایا، عزت و وقار کو پانا مرد کی شدید خواہش ہے اور اس حوالے سے وہ نہایت حساس ہے. اسکے برعکس عورت نے اپنا پہلا تقاضہ محبت کو بنایا، وہ مرد کی طرح محض محبت کو پسند ہی نہیں کرتی بلکہ ہمہ وقت اسکی تلاش میں سرگرداں رہتی ہے. وہ چاہتی ہے کہ اس سے محبت کی جائے اور اسی کے حصول کو وہ اپنا مقصد و منتہا بنا لیتی ہے. اب چونکہ محبت کے لئے توجہ حاصل کرنا لازم ہے اور خوبصورتی وہ شے ہے جو توجہ کو مبذول کرتی ہے لہٰذا عورت نے ہمیشہ بناؤ سنگھار کو اپنایا یا سادہ الفاظ میں کہیئے تو اپنی 'ذات' کو سجایا تاکہ یہ توجہ اور محبت حاصل ہو سکے. دوسری طرف مرد کیونکہ عزت و وقار کا طالب تھا تو اس نے اپنی ذات پر نہیں بلکہ 'صفات' پر زیادہ زور دیا. وہ ہر وقت اس تگ و دو میں لگا رہا کہ غیرت، شجاعت، ایجاد جیسی صفات کو نشونما دے کر عزت و وقار کو پاسکے.
مرد اور عورت نے وہی پایا ہے جسکی ان دونوں نے اپنی اپنی جنس میں بحیثیت مجموئی کوشش کی. مرد نے اجتماعی اعتبار سے عزت و وقار کو حاصل کرلیا جبکہ عورت نے محبت و توجہ پالی. مرد کو کمتر درجہ میں محبت ملی اور عورت کو کمتر درجہ میں عزت. البتہ یہی عورت جب ماں کا روپ اختیار کرتی ہے تو اس کردار کو نبھانے میں وہ 'ذات' کو نہیں بلکہ 'صفات' کو اپنالیتی ہے. وہ بناؤ سنگھار کی جگہ ایثار، قربانی، صبر جیسی صفات کے ذریعے اپنی اولاد کو پروان چڑھاتی ہے، شائد یہی وجہ ہے کہ ماں کے روپ میں وہ اپنی اولاد سے اعلیٰ درجہ کی عزت و توقیر حاصل کرلیتی ہے.
====عظیم نامہ====
No comments:
Post a Comment