Tuesday, 7 April 2015

انسان کا فکری وجود


انسان کا فکری وجود



بکریوں کے ریوڑ کو آپ باآسانی سنبھال سکتے ہیں، پرندوں کے جھنڈ کو آپ بآسانی سدھا سکتے ہیں، شیروں کے غول کو آپ باآسانی کرتب کروا سکتے ہیں .. مگر حضرت انسان کے اذہان کو کسی ایک نقطہ پر مجتمع کرنا نہایت مشکل ہے. انسان کا شعوری وجود اسے دیگر حیوانات سے منفرد بنادیتا ہے. یہاں اگر ایک بقراط ہے تو دوسرا سقراط ، ایک ارسطو ہے تو دوسرا افلاطون، ایک ہیگل ہے تو دوسرا کارل مارکس، ایک ڈارون ہے تو دوسرا گوتم بدھ. یہاں ہر انسان کا ایک انفرادی فکری وجود ہے جو اپنا منفرد استدلال، سوالات اور نتائج رکھتا ہے. جنگ کے ذریعے آپ انسان قتل کر سکتے ہیں مگر ان کی فکر کو نہیں مار سکتے. اسکے لئے تو لازم ہے کہ آپ موجودہ فکر کے سامنے ایک برتر فکر کو آگے بڑھ کر دلائل کی روشنی میں پیش کریں. سابقہ رائج فکر پر علمی تنقید کریں اور پیش کردہ تازہ فکر پر تنقید کا شافی جواب دیں. یہی وہ مرحلہ ہے جہاں مخاطب شعوری طور پر آپ کے پیش کردہ مقدمہ کو قبول یا رد کرتا ہے اور یہی وہ منطقی نتیجہ ہے جو کسی انسانی جماعت کو ایک فکر پر مجتمع کردیتا ہے. 

.
====عظیم نامہ====

Wednesday, 1 April 2015

کیا ملک سے محبت شرک ہے؟

 

کیا ملک سے محبت شرک ہے؟
 

 
اگر کوئی شخص اپنے گھر جس میں اسکی پیدائش و پرورش ہوئی ہو ، محبت نہیں کرتا تو یقیناً اسے کوئی نفسیاتی عارضہ ہے. اپنے گھر سے محبت کرنا انسان کی فطرت میں داخل ہے اور اس سے انکارانسانی فطرت سے دوری ہے. اسی طرح اپنے محلہ، اپنے علاقے، اپنے شہر، اپنے ملک سے محبت کا پیدا ہوجانا عین فطری ہے. اسی رعایت سے عرض کرتا ہوں کہ اگر آپ کے دل میں اپنے ملک سے محبت نہیں ہے تو آپ نفسیاتی مریض ہیں. ہمارے مذہبی حلقوں میں معلوم نہیں کہاں سے یہ بات تقویت پاگ...ئی ہے کہ گویا ملک سے محبت کرنا شرک کرنے کے مترادف ہے. لاحول ولا قوت الا باللہ . اپنے اس دعوے کو ثابت کرنے کیلئے یہ احباب علامہ اقبال کے اس شعر کا سہارا لیتے ہیں:
.
ان تازہ خداؤں میں بڑا سب سے وطن ہے
جو پیراہن ہے اس کا وہ مذھب کا کفن ہے
.
اول تو شاعری سے استدلال کی بنیاد نہیں رکھی جاتی. پھر اہل نظر جانتے ہیں کہ اقبال نے یہ شعر ہندو قوم اور دیگر اقوام کی اس ذہنیت کے پیش نظر کہا تھا کہ جس کے تحت ملک یا وطن کو خدائی کا درجہ دے دیا جاتا ہے. یعنی بات مذموم تب ہوگی جب یا تو ہندوؤں کے نظریہ کی طرح دھرتی کو اپنی خدا ماں کا درجہ دے دیا جائے یا پھر زبانی نہ بھی کہا جائے مگر عملی طور پر حق و باطل کا معیار وحی الہی کی جگہ وطن کی منافعت بن جائے. اگر علامہ ملک سے محبت کے قائل نہ ہوتے تو نہ اپنے اوائل دور میں ملی نغمے تحریر کرتے اور نہ ہی مسلمانوں کے لئے ایک نئی ریاست کا خواب دیکھتے.
.
بات کو سمجھیں .. وطن سے محبت ہرگز مذموم نہیں البتہ 'وطن پرستی' حرام ہے. پرستی لفظ پرستش سے وقوع پذیر ہوا ہے. یعنی جس کی پرستش کی جائے. ایسی پرستش والی محبت تو آپ اپنی اولاد سے بھی کریں گے تو حرام ٹہرے گی. لیکن کیا اس کو دلیل بنا کر اولاد سے محبت ترک کر دی جائے؟ سیرت نبوی صلی الله و الہے وسلم کا مطالعہ کریں، آپ (ص) نے اپنے صحابہ، اپنے گھر والوں، اپنے شہر مکہ، اپنے دوسرے شہر مدینہ، اپنے پیدا ہونے والے قبیلہ قریش .. سب سے محبت کی. اور کیوں نہ کرتے ؟ کہ ایسا کرنا تو عین انسانی فطرت ہے. صرف اور صرف یہ لحاظ ضروری ہے کہ کوئی بھی محبت چاہے وہ وطن کی ہو، اولاد کی ہوں، والدین کی ہو ، کاروبار کی ہو .. وہ الله اور اسکے رسول (ص) کی محبت پر غالب نہ آنے پائے . اگر ایسا نہیں ہے تو محبت کریں کہ محبت ہی دین کی روح ہے
.
 عظیم نامہ

غامدی صاحب - جوابی بیانیہ

 

غامدی صاحب - جوابی بیانیہ



غامدی صاحب کے جوابی بیانیہ پر مبنی حالیہ وڈیو کو ابھی ابھی سنا. پہلی بار ایسا لگا کہ غامدی صاحب اپنے سلجھے ہوئے لہجے سے بھی الجھی ہوئی بات نہیں سلجھا سکے. ایک سرکلر آرگیومنٹ ہے. ایک ضدم ضدی کی سی کیفیت ہے. ایک مبہم سا نقشہ ہے جس کے خدوخال حقیقی استدلال کی بجائے منطق کی دبیز چادر میں مدفون ہیں.
.
میرا اپنا المیہ یہ ہے کہ میں غامدی صاحب کے علمی قد کا معترف بھی ہوں اور ان کے پیش کردہ اعتراضات پر معترض بھی. شائد اسی لئے غامدی مخالف گروہوں کی خفگی کا باعث بھی ہوں اور غامدی حمایت...ی گروہوں میں راندہ درگاہ بھی.
.
اپنے بھی خفا مجھ سے ہیں ، بیگانے بھی ناخوش
میں زہر ہلاہل کو کبھی ۔۔۔۔۔۔۔۔ کہہ نہ سکا قند
.

بہرحال کم سے کم اس امر پر مسرور ہوں کہ ایک زمانے بعد اہل علم کے درمیان علمی مکالمہ کی صورت نظر آئی ہے. جہاں تمام تر گرمی کے باوجود اخلاقیات کا دامن نہیں چھوڑا گیا ہے. اللہ پاک حق پر موافقت پیدا فرمادیں. آمین.
.
عظیم الرحمٰن عثمانی

PUSH or PULL ?

 

PUSH or PULL ?

 
بڑی سے بڑی آزمائش آجائے تو گھبرائیں نہیں ! .. بڑی سے بڑی حماقت کر بیٹھیں تو دل چھوٹا نہ کریں ! ... بس یہ یاد رکھیں کہ ٹھیک اسی وقت اور عین اسی لمحہ کوئی ذہین آدمی ہے جو پودینا سمجھ کر ہرا دھنیا خرید رہا ہے .. اور اس دروازے کو PUSH کررہا ہے جس پر صاف صاف PULL لکھا ہوا ہے ...


 
====عظیم نامہ====

دنیا کا مشاہدہ

 

 دنیا کا مشاہدہ

 
 
عزیزان من ! .. اس دنیا کا مشاہدہ یہی ہے کہ ..
.
آپ نے اس کے ساتھ اچھا کیا .. اور اس نے آپ کے ساتھ برا کیا ..
آپ نے اس کی مدد کی .. اور اس نے آپ کو تنہا چھوڑ دیا ..
آپ نے اسے سنبھالا .. اور اس نے آپ کو دھکا دیا ..
آپ نے اسے عزت دی .. اور اس نے آپ کو رسوا کیا ..
.
دیکھا آپ نے ؟ .. سوچا آپ نے ؟
.
معاملہ کبھی آپ کے اور اس کے درمیان تھا ہی نہیں ..
بلکہ معاملہ ہمیشہ آپ کے اور آپ کے رب کے درمیان تھا ..
.
اگر آپ اس پر ناراض ہیں کہ اس نے بدلہ میں آپ سے بھلائی کیوں نہ کی ؟ ..
تو آپ نے درحقیقت نیکی کبھی کی ہی نہیں تھی ..
آپ نے تو مخلوق سے 'بزنس ڈیل' کی تھی ..
اور مخلوق سے تو اکثر دھوکہ ملا کرتا ہے ..
اس دنیا کی تو سرشت میں دھوکہ ہے ..
ہمارا معاملہ تو اپنے رب سے ہے ..
.
یہ کیوں سوچتے ہو ؟ کہ وہ بہت برا ہے .. اسلئے میں اس سے اچھا نہیں کرسکتا ..
سوال یہ ہے کہ اگر وہ بہت اچھا ہوتا .. تو تمھارا اس سے اچھائی کرنے میں کیا کمال ہوتا؟ ..
.
ہمیں اسلئے اچھا نہیں ہونا کہ مخلوق ہم سے اچھی ہو ..
ہمیں اسلئے اچھا کرنا ہے .. کیونکہ ہم اچھے ہیں ..
.
ہمیں اس پودے کی مانند بننا ہے .. جس کا پھل سب کے لئے ہے ..
ہمیں اس درخت کی مثال اپنانی ہے .. جس کا سایا سب کے لئے ہے ..
ہمیں اس بارش جیسا بننا ہے .. جو سب پر یکساں برستی ہے ..
ہمیں اس سورج کی طرح چمکنا ہے .. جس کی روشنی سب کے لئے ہے ..
.
ہمیں ' سلم ' سے ' سلام ' کا سفر کرنا ہے ..
ہمیں ' مسلم ' بننا ہے ..
.



عظیم نامہ

Saturday, 7 March 2015

سکون کی اہمیت



سکون کیا ہے ؟ اور دین میں اس کا کیا مقام ہے؟


لغت کے اعتبار سے لفظ اسلام میں مادہ الفاظ 'سلم اور سلام' دونوں موجود ہیں. سلم سے مراد خود کو (خدا کے) حوالے کردینے کے ہیں جبکہ سلام کی معنی سلامتی یا سکون کے ہیں. اس رعایت سے اسلام پر عمل کرنے والا وہ ہے جو سلم سے سلام کا حصول کرتا ہے. آسان الفاظ میں جب ایک بندہ یا ایک معاشرہ اپنی مرضی کو اپنے رب کی مرضی کے سامنے بچھا دیتا ہو تو اس کا لازمی پھل سکون و سلامتی کی صورت میں برآمد ہوتا ہے.
.
اسی طرح لفظ ایمان کا جائزہ لیں تو معلوم ہوگا کہ یہ مادہ لفظ امن سے وجود پذیر ہوا ہے، جس کے معنی پھر سلامتی یا سکون کے ہیں. ایمان رکھنے والے مومن کا یہ لازمی خاصہ ہے کہ وہ ایمان کے ذریعے اپنے قلب و فکر میں سکون محسوس کرتا ہے. اسلام ظاہر سے متعلق ہے اور ایمان باطن سے. اسلام پر عمل کرکے انسان اپنے گردوپیش اور اپنے ظاہر میں سکون و سلامتی کا نشان بن جاتا ہے. جبکہ ایمان کا حصول کرکے وہ اپنے باطن میں مجسم سکون ہوجاتا ہے. لہٰذا اگر آپ مسلم یعنی اسلام کے حامل ہونے کا دعوی رکھتے ہیں تو پھر لازم ہے کہ آپ کے بیوی ، بچے ، عزیز واقارب آپ کے اعلیٰ اخلاق کے گواہ ہوں. اگر ایسا نہیں ہے تو ظاہر ہے وہ آپ سے سکون میں نہیں ہیں اور ایسا اسلام کا دعوی قانونی طور پر موجود ہو کر بھی اپنی حقیقت میں کھوکھلا ہے. اسی طریقہ سے اگر آپ دعوی ایمان رکھتے ہیں مگر آپ کا باطن شکوک سے آلودہ ہے یا پھر آپ مخالف دلائل کے سامنے سے شکوک کا شکار ہوجاتے ہیں تو ایسا ایمان لسانی طور پر موجود ہو کر بھی اپنے لازمی ثمر یعنی سکون سے خالی ہے
.
اس سکون کو حاصل کرنا کتنا ضروری ہے ؟ اس کا اندازہ اس امر سے لگائیں کہ شریعت میں اسکی سخت تلقین کی گئی ہے کہ ہر مسلم اپنے دوسرے مسلم بھائی سے جب بھی ملے تو اسے سلام کہے. غور کیجیئے کہ السلام و علیکم کہنا انگریزی کے ہیلو کہنے کی طرح محض گفتگو کے آغاز کا کلمہ نہیں ہے بلکہ ایک مکمل دعا ہے جس میں آپ اپنے مخاطب کو سکون و سلامتی کی دعا دیتے ہیں. جواب میں آپ کا مخاطب آپ کو مزید بہتر طریق سے سکون و سلامتی کی دعا دیتا ہے. اگر یہ عمل اخلاص و سمجھ کے ساتھ ساتھ کیا جائے تو کوئی مضائقہ نہیں کہ معاشرہ سکون و سلامتی کا مظہر بن جائے. اس کو سمجھنے کے لئے ترمزی شریف کی وہ حدیث یاد کریں جس میں ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول صلی الله و الہے وسلم نے فرمایا کہ ' تم جنت میں داخل نہ ہوگے جب تک ایمان نہ رکھتے ہو، اور تم ایمان نہیں رکھ سکتے جب تک ایک دوسرے سے محبت نہ کرو. کیا میں تمھیں وہ بات نہ بتاؤں ؟ جسے اگر تم کرو تو ایک دوسرے سے محبت کرنے لگو گے ؟ .. (وہ راز کی بات یہ ہے کہ) آپس میں سلام پھیلاؤ.
.
قران حکیم کا ایک دلچسپ تربیتی حکم مومنین کیلئے یہ بھی ہے کہ اگر کوئی جذبات سے مغلوب جاہل انسان آپ سے بدتمیزی کرے تو جواب میں اس سے الجھنے کی بجائے اسکے لئے بھی سکون کی دعا کریں یعنی اسے سلام کہیں. یہ اور بات ہے کہ آج اکثریت تو اس نصیحت پر سرے سے عمل ہی نہیں کرتی اور جو چند اشخاص کرتے ہیں تو وہ بھی اسلئے کہ اپنے مخاطب مسلمان بھائی کو یہ احساس دلا سکیں کہ میں تمھیں قران کی رو سے جاہل سمجھتا ہوں. حالانکہ اس کا ایک نمائندہ منشاء یہ بھی ہے کہ جذبات سے مغلوب انسان سکون سے عاری ہوتا ہے لہٰذا الله سے دعا کی جائے کہ اسے بھی سکون کی دولت حاصل ہو اور وہ بھی ایک پرسکون معاشرے کا حصہ بن سکے. سورہ الفرقان کی ٦٣ آیت ملاحظہ ہو
.
 اور رحمان کے بندے وہ ہیں جو زمین پر فروتنی کے ساتھ چلتے ہیں اور جب جاہل ان سے مخاطب ہوتے ہیں تو (جواباً) کہتے ہیں ”سلام“۔
.
ایک اور زاویہ یہ بھی ہے کہ اسلام میں ذکر کی اہمیت سے ہر خاص و عام واقف ہے. قران بھی خود کو الذکر کہتا ہے. نماز اور تسبیحات کیلئے بھی ذکر ہی کا لفظ استمعال ہوا ہے. ذکر کے اسی وسیع مفہوم کو ذہن میں رکھیں اور سورہ الرعد کی ٢٨ آیت کو دیکھیں کہ کس قدر تاکید سے رب العزت یہ بتا رہے ہیں کہ ذکر کے ثمرات میں سے ایک لازمی پھل سکون و اطمینان ہے
.
جو لوگ ایمان ﻻئے ان کے دل اللہ کے ذکر سے اطمینان حاصل کرتے ہیں۔ یاد رکھو اللہ کے ذکر سے ہی دلوں کو اطمینان حاصل ہوتا ہے 
.
توجہ دیں کہ کس قدر زور دے کر یہ بات سمجھائی گئی ہے کہ ذکر کا لازمی نتیجہ سکون و اطمینان ہے
.
قران حکیم کے بیان سے یہ بھی واضح ہے کہ اللہ عزوجل جب مومنین پر اپنا خاص رحم کرتے ہیں اور کسی دشمن یا مشکل صورت سے خلاصی دینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ان پر سکینت یعنی سکون نازل فرماتے ہیں. سکینت کا لفظ قران پاک میں کئی مقامات پر مذکور ہے. اس ضمن میں آیات ملاحظہ ہوں
.
وہی ہے جس نے مسلمانوں کے دلوں میں سکون (اور اطیمنان) ڈال دیا تاکہ اپنے ایمان کے ساتھ ہی ساتھ اور بھی ایمان میں بڑھ جائیں، اور آسمانوں اور زمین کے ﴿کل﴾ لشکر اللہ ہی کے ہیں۔ اور اللہ تعالیٰ دانا باحکمت ہے' - سورہ الفتح ٤
.
یقیناً اللہ تعالیٰ مومنوں سے خوش ہوگیا جبکہ وه درخت تلے تجھ سے بیعت کر رہے تھے۔ ان کے دلوں میں جو تھا اسے اس نے معلوم کر لیا اور ان پر اطمینان نازل فرمایا اور انہیں قریب کی فتح عنایت فرمائی'  - سورہ الفتح ١٨
.
جب کہ ان کافروں نے اپنے دلوں میں حمیت کو جگہ دی اور حمیت بھی جاہلیت کی، سو اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول پر اور مومنین پر اپنی طرف سے تسکین نازل فرمائی اور اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو تقوے کی بات پر جمائے رکھا اور وه اس کے اہل اور زیاده مستحق تھے اور اللہ تعالیٰ ہر چیز کو خوب جانتا ہے' - سورہ الفتح ٢٦
.
؛پھر اللہ نے اپنی طرف کی تسکین اپنے نبی پر اور مومنوں پر اتاری اور اپنے وه لشکر بھیجے جنہیں تم دیکھ نہیں رہے تھے اور کافروں کو پوری سزا دی۔ ان کفار کا یہی بدلہ تھا' - سورہ التوبہ ٢٦
.
اگر تم ان (نبی صلی اللہ علیہ وسلم) کی مدد نہ کرو تو اللہ ہی نے ان کی مدد کی اس وقت جبکہ انہیں کافروں نے (دیس سے) نکال دیا تھا، دو میں سے دوسرا جبکہ وه دونوں غار میں تھے جب یہ اپنے ساتھی سے کہہ رہے تھے کہ غم نہ کر اللہ ہمارے ساتھ ہے، پس جناب باری نے اپنی طرف سے تسکین اس پر نازل فرما کر ان لشکروں سے اس کی مدد کی جنہیں تم نے دیکھا ہی نہیں، اس نے کافروں کی بات پست کر دی اور بلند وعزیز تو اللہ کا کلمہ ہی ہے، اللہ غالب ہے حکمت واﻻ ہے' - سورہ التوبہ ٤٠
.
آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کس طرح سکینت کے نزول کو یہ آیات الله پاک کے مومنین پر خاص کرم کی نشاندہی بتاتی ہیں.
.
یہ ایک عمومی مشاہدہ ہے اور ہر انسان خود میں جھانک کر بھی اسکی گواہی دیتا ہے کہ سکون اور صاف قلب ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں. ایسا ممکن نہیں ہے کہ کوئی شخص سکون سے خالی ہو اور پھر صاف دل حاصل کرسکے. اسی حقیقت کو سامنے رکھیں اور پھر سرا الشعراء کی ٨٨ اور ٨٩ آیت پر غور کریں اور دیکھیں کہ ہمارے رب آخرت میں کامیاب اشخاص کی تعریف ایک حملہ میں کیسے کر رہے ہیں
.
'جس دن انسان کے نہ مال کام آئے گا نہ اولاد، مگر جو اﷲ کے پاس صاف قلب لے کر آئے گا۔'
.
سورہ فصلت کی چالیسویں آیت میں اسی حقیقت کو کچھ ان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے
.
بیشک جو لوگ ہماری آیتوں میں کج روی کرتے ہیں وه (کچھ) ہم سے مخفی نہیں، (بتلاؤ تو) جو آگ میں ڈاﻻ جائے وه اچھا ہے یا وه جو امن و امان کے ساتھ قیامت کے دن آئے؟ تم جو چاہو کرتے چلے جاؤ وه تمہارا سب کیا کرایا دیکھ رہا ہے
.
سب سے بڑھ کر سورہ الفجر کی ٢٧ اور ٢٨ آیت میں واضح کر دیا گیا ہے کہ موت کے بعد سکون و اطمینان ہی وہ خوبصورت صفت ہے جو اللہ رب العزت کی رضا کی نمائندہ ہے
.
اے اطمینان والی روح (نفس) تو اپنے رب کی طرف لوٹ چل اس طرح کہ تو اس سے راضی وه تجھ سے راضی
.
سکون کی ایک سطح تو وہ ہے جو مسلم، ہندو، سکھ، عیسائی، روایت پسند، فرقہ پرست سب کو حاصل ہو سکتی ہے. آپ کو ایسے بہت سے قانونی مسلم مل جائیں گے جن کی دینی فہم نہایت ناقص ہوگی یہ بھی ممکن ہے کہ وہ طرح طرح کی بدعتوں یا کفریہ اعمال میں مبتلا ہو مگر اس کے باوجود بظاھر پرسکون نظر آئین گے . آپ کو ایسے ہندو سادھو بھی ملیں گے جو تمام تر شرک کے باوجود نہ صرف خود پرسکوں نظر آئیں گے بلکہ اپنے چیلوں کو بھی سکون کے حصول کے طریقے سکھائیں گے. میں ایسے بارہا عیسائی حضرات سے مل شکا ہوں جو اتنے پرسکون نظر آتے ہیں کہ آتے جاتے مسکرا کر سیٹی بجا رہے ہوتے ہیں. وہ آپ کو بتاتے ہیں کہ ان کا یہ سکون 'ہولی اسپرٹ' کی وجہ سے ہے جو ان کے اندر مسیح کی وجہ سے موجود ہے. اسی طرح وہ گروہ جو کسی الہامی پیغام سے عاری ہوتے ہیں جیسے گرو رجنیش اوشو وغیرہ  وہ بھی سکون کو حاصل کرنے کے مراقبہ تجویز کرتے نظر آتے ہیں. سوال یہ ہے کہ اگر سچے ایمان کا پھل سکون ہے تو پھر یہ سکون ہر خاص و عام کو ، ہر سرکش و ناہنجار کو کیسے حاصل ہوجاتا ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ یہ سکون حقیقی نہیں عارضی اور کھوکھلا ہوتا ہے ہمیں یہ جاننا ہوگا کہ حقیقی اور غیر حقیقی یا دائمی اور عارضی سکوں میں کیا فرق ہے؟ وہ سکون کیا ہے جس کے دعویدار ہر سو نظر آتے ہیں اور وہ حقیقی سکون کون سا ہے جسے قران و اسلام بیان کرتے ہیں؟ جب ہم انسانی شخصیت کا جائزہ لیتے ہیں تو منکشف ہوتا ہے کہ انسان جہاں اپنا ایک مستقل عقلی وجود رکھتا ہے وہاں اس کی ذات میں جذبات بھی لازمی طور پر مضمر ہیں.ان دونوں داعیات کا اعتراف کئے بناء انسانی شخصیت کی تفسیر نہیں کی جاسکتی. جب یہ بات سمجھ آگئی تو جان لیں کہ حقیقی سکون دراصل وہ ہے جس میں آپ کا ذہن اور قلب دونوں قرار پکڑ جائیں. یعنی عقلی استدلال اور جذباتی وجدان دونوں راضی ہو جائیں. اگر ان میں سے کوئی ایک بھی پوری طرح مطمئن نہیں ہے تو یہ سکون حقیقی نہیں فرضی ہے. اب اس تعریف کو ذہن میں رکھ کر سکوں رکھنے والے تمام دعویدار اسخاس یا گروہوں کا جائزہ لیں. جلد ہی آپ پر یہ بات نمایاں ہو جائے گی کہ ایک قلیل تعداد تو انکی ہے جنہوں نے عقلی استدلال اور بحس مباحثہ کو ہی منشاء بنارکھا ہے اور اسی کو بنیاد بنا کر سکون رکھنے کا دعویٰکرتے ہیں جو سراسر عبث ہے. دوسری جانب وہ کثیر تعداد ہے جو اپنے پیروکاروں کو صرف جذباتی اطمینان و سکون کی طرف راغب کرتی ہے. یہی وجہ ہے کہ آپ کو عیسائی، ہندو، کچھ مخصوص مسلم روحانی گروہ ایسے نظر آئیں گے جو صاف الفاظ میں عقل کو روحانیت کا دشمن گردانتے ہیں ، سوالات اٹھانے کو معیوب سمجھتے ہیں اور جدید علوم و تحقیقات کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں. وہ جانتے ہیں کہ اگر انہوں نے عقلی استدلال کی اجازت دے دی تو عارضی اور مصنوعی سکون جس کا لبادہ انہوں نے اوڑھ رکھا ہے وہ چاک ہو جائے گا.
.
اسکے برعکس قران کا پیغام بلکل جدا ہے. دنیا کے دیگر مذاھب اپنے پیروکاروں کو عقیدے کی افیون پلا کر انکے غور و فکر کی صلاحیت کو سلب کر لیتے ہیں. لیکن قرآن وہ واحد الہامی کلام ہے جو اپنے قاری کو تحقیق و تدبر پر ابھارتا ہے. وہ کہتا ہے ' افلا تعقلون ' (تم عقل کیوں نہیں استعمال کرتے؟) وہ کہتا ہے ' افلا یدبرون' (تم تدبر کیوں نہیں کرتے؟) وہ اس انسان کو انسان ماننے تک سے انکار کرتا ہے جو اپنی عقل استمعال نہ کرے اور ایسے انسان کو بدترین جانور سے تعبیر کرتا ہے جو گونگا بہرہ بھی ہو. وہ دلیل پیش کرتا ہے اور جواب میں دلیل کا تقاضہ کرتا ہے. وہ اپنے باپ دادا کی اندھی تقلید سے روکتا ہے. وہ کہتا ہے کہ اگر تم سچے ہو تو انجیل، تورات یا کوئی اور بڑی دلیل پیش کرو. وہ مکالمے کی فضا کو فروغ دیتا ہے اور جاہل کو بھی سلام کہہ کر چھوڑ دینے کو کہتا ہے. وہ غیر مذاھب کے خود ساختہ خداؤں کو بھی برا کہنے سے روک دیتا ہے. وہ زمین و آسمان پر غور کرنے کو عبادت بنا دیتا ہے اور تاریخ سے سیکھنے کی ترغیب دیتا ہے. لہٰذا قران کا تعلیم کردہ سکون و اطمینان وہ ہے جو قلب کے ساتھ ذہن کو بھی مطمئن کرتا ہے. .

مجھے امید ہے کہ اپر درج استدلال کو پڑھنے کے بعد آپ کو بھی میری طرح اس سکون کی صفت کی اہمیت کا اندازہ بہتر طور پر ہوا ہوگا. ساتھ ہی یہ بھی معلوم ہوگیا ہوگا کہ حقیقی سکون مصنوعی سکون سے کس طرح جدا ہے؟ ہمیں الله پاک سے اس نعمت کے حصول کی دعا کرنی چاہیئے اور اس کے لئے حتیٰ الامکان کوشش بھی . الله عزوجل ہر سچے طالب کی طلب کو پورا کرے اور بے طلب کو طلب کی لذت سے روشناس کرے. آمین
.
====عظیم نامہ====

.

Thursday, 5 March 2015

آپ سب مشرک ہیں ، کافر ہیں ، گستاخ رسول ہیں

 نوجوانی میں موسمی اسلام




آپ سب مشرک ہیں ، کافر ہیں ، گستاخ رسول ہیں ، معلوم نہیں کیوں میں آپ کے گھر پیدا ہوگیا .. " ہ " 
==========================================================
.
یہ کہتے ہوئے میری آنکھیں بھیگی ہوئی تھیں، چہرہ غصہ سے سرخ تھا اور آواز میں کپکپاہٹ .. سامنے میرے والد اور بڑے بھائی خاموش بیٹھے سن رہے تھے.
.
میری عمر اس وقت سترہ اٹھارہ سال کی تھی. اس عمر میں جیسے اکثر نوجوانوں کو دین سے وقتی یا موسمی لگاؤ ہوجاتا ہے، اسی طرح میں بھی کچھ مہینوں سے اسی لگاؤ میں مبتلا تھا. ہر نماز مسجد جا کر ادا کرتا ، مجھے گھر میں کبھی فرقہ واریت نہیں سکھائی گئی تھی لہٰذا میرے نزدیک مسجد کا مطلب صرف مسجد ہی تھا. کون سا مسلک یا کون سے فرقہ کا سوال مسجد جاتے ہوئے مجھے کبھی پیش نہ آیا تھا. گھر سے نزدیکی مسجد اس مسلک کی تھی جس سے میرے گھرانے کا تعلق نہ تھا مگر جیسا میں نے بیان کیا کہ اس ضمن میں مجھے کبھی شدت نہیں سکھائی گئی تھی ، اسلئے میں بے دھڑک اسی مسجد میں اپنی نمازیں ادا کرتا. ایک روز مغرب کی نماز ختم کر کے باہر جانے لگا تو دیکھا کہ کچھ دینی بھائی حلقہ بنائے بیٹھے ہیں اور ایک بڑی داڑھی والے حضرت انہیں حدیث کی تعلیم کر رہے ہیں. میں بھی یہ سوچ کر ان کے حلقہ میں بیٹھ گیا کہ الله رسول کی باتیں سنوں گا اور اپنی اصلاح کروں گا. ان بھائیوں نے بھی بہت محبت سے جگہ دی. تعلیم شروع ہوئی اور کچھ دیر میں ختم ہوگئی. تعلیم کے بعد ان دعوت دینے والے حضرت نے مجھے کچھ اور نوجوانوں کے ساتھ روک لیا اور مزید دینی باتیں ہونے لگیں. باتوں باتوں میں انہوں نے میرے خاندانی مسلک کا نام لے کر بتایا کہ وہ لوگ کتنے بڑے گستاخ رسول ہیں. انہیں یہ گمان بھی نہیں تھا کہ میرا اپنا تعلق اسی مسلک سے ہے لہٰذا وہ کھل کر بولتے رہے. پھر یہ سلسلہ چل نکلا ، روز مغرب کی تعلیم کے بعد میرے خاندانی مسلک کی گمراہی سب کو سمجھائی جاتی اور ساتھ ہی احادیث بطور ثبوت پیش کی جاتیں. آھستہ آھستہ مجھے اس حقیقت سے نفرت ہونے لگی کہ میں اسی گمراہ مسلک سے وابستہ گھر میں کیوں پیدا ہوگیا ؟ .. سمجھ نہ آتا کہ کیا کروں ؟ ... ادھر میرے گھر میں والد اور بھائی دونوں میرے رویہ کی شدت اور تبدیلی کو بھانپ چکے تھے. اسی ازیت والے دنوں میں ایک روز میرے ضبط کا بندھن ٹوٹ گیا، مسجد سے گھر آتے ہوئے زار زار روتا تھا ، یہ کہتا تھا کہ الله مجھے ایسے مسلک والے گھر میں کیوں پیدا کردیا ؟ مجھے معاف کردیں .. کافی دیر کے بعد آنسو پونچھے اور گھر پہنچا. گھر پہنچتے ہی والد صاحب نے نرمی سے کہا کہ عظیم مجھے تم سے کچھ ضروری بات کرنی ہے. میں چاہ کر بھی منع نہیں کرسکا اور خاموشی سے گردن ہلا دی. والد صاحب اور بڑے بھائی دونوں مجھے لے کر ڈرائنگ روم میں آگئے اور دروازہ بند کردیا گیا. یہ والد صاحب کا خاص طریق تھا کہ جب کسی سے اہم بات کرنا ہوتی تو ہمیشہ بند کمرے میں اکیلے کرتے یا صرف اسے ساتھ رکھتے جو اس گفتگو کا اہل ہو.
.
میں سنجیدہ پتھریلے چہرے کے ساتھ خاموش صوفہ پر بیٹھا تھا. سامنے والد اور بھائی دونوں براجمان تھے اور دونوں کے چہرے پر محبت بھری مسکراہٹ تھی. بڑے بھائی نے خاموشی توڑی .. "عظیم ماشااللہ ، آج کل تو خوب عبادت ہورہی ہے ، درس میں بھی روز جاتے ہو .. کچھ ہمیں بھی سمجھاؤ" ہ
.
میں نے بہت چاہا کہ ضبط کر سکوں مگر پیمانہ اتنا بھرا ہوا تھا کہ اس سادہ سوال پر بھی پوری شدت سے چھلک پڑا. وہ والد جن کے سامنے کبھی اونچی آواز نہ ہوئی تھی ، آج اچانک وہ حجاب اٹھ گیا. میں نے ڈبڈبائی آنکھوں اور غم و غصہ سے کانپتی ہوئی آواز میں کہا
.
" آپ سب مشرک ہیں ، کافر ہیں ، گستاخ رسول ہیں ، معلوم نہیں کیوں میں آپ کے گھر پیدا ہوگیا" ہ
.
حیرت انگیز طور پر میرے اس تلخ جملہ کا بھائی اور والد پر کوئی منفی اثر نہ ہوا بلکہ بھائی نے پوچھا کہ "اچھا اگر ایسا ہے تو ہمیں بھی بتاؤ تاکہ ہم بھی حق بات کو قبول کرلیں اور گمراہی سے بچ سکیں" ہ
.
اب میں نے ایک ایک کر کے ان تمام عقائد کا پوسٹ مارٹم شروع کیا جو میرے آبائی مسلک میں موجود تھے اور جن کے خلاف مجھے کئی مہینوں سے تعلیم دی گئی تھی. میں ساتھ ہی وہ احادیث بھی روانی سے بیان کرتا جن سے میرے مسلک کی گمراہی ثابت ہوتی تھی. والد اور بھائی دونوں بناء مجھے ٹوکے خاموشی سے پوری توجہ کے ساتھ سنتے رہے. یہاں تک کہ میں بول بول کر تھک گیا.
.
اب والد نے سوال کیا کہ "کیا کچھ اور بھی ہے جو کہنا چاہتے ہو؟" میں نے نفی میں گردن ہلا دی. والد پھر پیار سے مخاطب ہوئے کہ "عظیم اچھا یہ بتاؤ کہ یہ جتنی احادیث تم نے سنائی ہیں ، کیا وہ مستند ہیں؟" ... مجھے جھٹکا لگا ... "مستند سے کیا مراد ہے؟ .. یہ میرے پیارے رسول صلی اللہ و الہے وسلم کے اقوال ہیں" ہ
.
پوچھا "پھر بھی کتاب کا کچھ نام تو ہوگا؟" میں نے کہا "ہاں شاید گلزار مدینہ" .. اب والد اور بھائی نے پیار سے احادیث صحیحہ اور ضعیف و موضوع کا فرق بتانا شروع کیا، یہ بتایا کہ صحاح ستہ کا کیا مقام ہے اور بناء حوالوں کی مسلکی کتابوں میں درج احادیث کا کیا درجہ ہے؟ اسی طرح صحیح بخاری اور صحیح مسلم کیوں علماء میں مقدم تسلیم ہوتی ہیں ؟ .. جب یہ بات کچھ سمجھ آنے لگی تو والد نے ایک ایک کر کے میرے اعتراضات کا جواب دینا شروع کیا ، وہ گاہے بگاہے قران اور صحیح احادیث کی طرف توجہ بھی دلاتے. میرے ذہن میں دھماکے ہورہے تھے. وہ نفرت اور استدلال جو کئی مہینوں سے میرے ذہن میں جگہ بنائے بیٹھا تھا ، وہ کسی ریت کی دیوار کی طرح ڈھ گیا تھا.
.
جب میں پوری طرح قائل ہوگیا تو والد نے پوچھا  کہ "ہاں بیٹا ! جو میں نے کہا ، تم اس سے متفق ہو ؟"  .. میں نے پورے اطمینان سے سر ہلا کر کہا کہ "صد فیصد" ..ہ
.
یہ سن کر والد نے ٹہرے ہوئے لہجہ میں کہا "لیکن میں چاہتا ہوں کہ تم میری بات پر ایسے یقین نہ کرو ، دیکھو تم کچھ دیر پہلے  اس دینی حلقہ کے پوری طرح قائل تھے اور اب میری بات سے بھی پوری طرح متفق ہوگئے ہو، کیا ہو کہ کل کوئی تیسرا آئے جو ہم سے زیادہ بیان کی قوت رکھتا ہو اور تم اس کے بھی قائل ہو جاؤ ؟  .. اور پھر کیا معلوم کہ میں جھوٹ بول رہا ہوں ؟ یا میرا مقصد سچ نہیں بلکہ تمھیں خاندانی مسلک میں جکڑ کر رکھنا ہو ؟ یا پھر میرے نتائج ہی سرے سے غلط ہوں  ؟ " ہ
.
 میں بیچارگی سے والد اور بھائی کی جانب دیکھنے لگا جیسے خاموش آنکھوں سے پوچھ رہا ہوں کہ پھرآپ ہی بتا دیں کہ مجھے کیا کرنا چاہیئے. والد نے میرے خیال کو بھانپتے ہوئے کہا " بیٹا تمھیں چاہیئے کہ تحقیق کرو، قران حکیم پڑھو ، صحیح بخاری و مسلم کو ازخود دیکھو ، اس پر فیصلہ نہ کرو کہ وہ دینی بھائی کیا کہہ رہے تھے یا تمہارے والد کیا کہہ رہے ہیں، .. بلکہ تحقیق کے رستے سے سچائی کو پاؤ" ہ
.
یہ وہ پہلا بیج تھا جو جانے انجانے میرے والد اور بھائی نے مجھ میں بودیا تھا. وہ چاہتے تو اس دن مجھے اپنی مرضی کے قالب میں ڈھال سکتے تھے لیکن انہوں نے جان بوجھ کر اسے میرے لئے پسند نہیں کیا. اس نصیحت کا میں حق تو ادا نہیں     کرسکا مگر ہاں آگے چل کر میرا طریق یہی تحققیق بنا ہے جو ایک طالبعلمانہ انداز میں انشااللہ ہمیشہ جاری رہے گی. مجھ پر بعد کی زندگی میں واضح ہوگیا کہ نوجوان اذہان کی اس طرز پر برین واشنگ کسی ایک مسلک کی میراث نہیں بلکہ ہر مسلک و فرقہ اس دوڑ میں آگے آگے ہے. دیوبندی ، بریلوی، سنی، شیعہ کی کوئی تخصیص نہیں. آج میں خود کو صرف مسلم کہنے پر اکتفاء کرتا ہوں، تمام مسالک کے اہل علم سے استفادہ کرنے کا قائل ہوں اور کسی طور اپنی شناخت کے ساتھ کسی فرقہ  کا لیبل لگانے کو آمادہ نہیں
.
====عظیم نامہ====
.

نوٹ: یہ ایک سچا واقعہ ہے جو میرے ساتھ پیش آیا مگرلمبا وقت گزرنے کی وجہ سے الفاظ میں کمی بیشی کا بھرپور احتمال ہے، اس پر اللہ پاک سے معافی کا خواستگار ہوں ، نیز یہ کہ اسے ہرگز کسی مسلک کی پبلسٹی یا مخالفت نہ سمجھا جائے بلکہ جیسا میں نے درج کیا کہ یہ طریقہ واردات ہر مسلک نے ہی اپنا رکھا ہے ہ